میری پیاری بیٹی انابیہ کے نام پہلا پیغام




میری پیاری بیٹی انابیہ کے نام میرا پہلا پیغام


میری جان انابیہ!


آج میں تمہارے نام اپنی زندگی کا پہلا پیغام لکھ رہی ہوں۔ آج جب میں یہ الفاظ لکھ رہی ہوں تو میرے دل میں ایک عجیب سی خوشی، ایک سکون اور ایک شکر کا احساس ہے۔ جب سے  میری زندگی میں تم آئی ہو، میری دنیا ہی بدل گئی ہے۔ میری صبح تم سے شروع ہوتی ہے اور میری شام تم پر ختم ہوتی ہے۔

تم میری زندگی ہو، میری مسکان ہو، میری ہر دعا ہو، میری ہر خواہش ہو۔   مجھے اللہ پاک نے دنیا کی سب سے بڑی خوشی اور سب سے بڑی نعمت تمہاری صورت میں دی ہے۔ یہ چھوٹی سی ویب سائٹ میں نے تمہارے نام کی بنائی ہے تاکہ تم جب بڑی ہو جاؤ، سمجھدار ہو جاؤ، تو دیکھ سکو، پڑھ سکو کہ تمہاری امی تم سے کتنی محبت کرتی ہے، تمہارے لیے کتنی دعائیں کرتی ہے۔

بیٹی کیا ہوتی ہے؟


لوگ کہتے ہیں بیٹیاں بوجھ ہوتی ہیں، لیکن میں کہتی ہوں بیٹیاں تو رحمت ہوتی ہیں۔ بیٹی اللہ کی طرف سے ایک پھول کی طرح ہوتی ہے جو گھر کے آنگن میں کھلتی ہے تو پورا گھر مہک جاتا ہے۔ بیٹی باپ کے دل کا سکون اور ماں کی سب سے اچھی دوست ہوتی ہے۔

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جس کے گھر میں بیٹی پیدا ہوتی ہے اس گھر میں اللہ کی رحمت نازل ہوتی ہے اور فرشتے اس گھر میں آتے ہیں۔ جو شخص اپنی بیٹیوں کی اچھی پرورش کرتا ہے، انہیں تعلیم دیتا ہے، ان کی عزت کرتا ہے، تو وہ بیٹیاں اس کے لیے جنت کا ذریعہ بن جاتی ہیں۔ اس سے بڑی خوش قسمتی اور کیا ہو سکتی ہے۔
جس سے اللہ پاک راضی ہوتا ہے اس کو بیٹی دیتا ہے۔
میری انابیہ، تم میرے لیے بھی جنت کا راستہ ہو۔ میں جب بھی تمہیں دیکھتی ہوں تو اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں۔ تمہاری چھوٹی چھوٹی شرارتیں، تمہارا ہنسنا، تمہارا روٹھنا، تمہارا مجھے امی کہہ کر پکارنا، یہ سب میرے لیے دنیا کی سب سے قیمتی چیز ہے۔

ایک ماں کی سب سے بڑی دعا


ہر ماں کی زندگی کا صرف ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ اس کی اولاد خوش رہے، صحت مند رہے، اور محفوظ رہے۔ ایک ماں اپنی اولاد کے لیے اپنی ساری خوشیاں قربان کر سکتی ہے۔ میں بھی تمہارے لیے ہر وقت یہی دعا کرتی ہوں۔

میری ہر نماز کے بعد صرف ایک ہی دعا ہوتی ہے۔

یا اللہ میری بیٹی انابیہ مجھے ہر رشتے سے زیادہ عزیز ہے، اس کو ہر بری نظر سے بچانا، اس کو صحت والی لمبی زندگی دینا آمین۔ اللہ پاک ہر ماں کی بیٹی کے نصیب اچھے کرے، اس کے صدقے میں میری بیٹی کے بھی نصیب اچھے کرے آمین۔

نظر بد ایک حقیقت ہے۔ قرآن و حدیث میں اس کا ذکر ہے۔ کبھی کبھی لوگ محبت سے بھی ایسی نظر لگا دیتے ہیں جس سے بچہ بیمار ہو جاتا ہے۔ اس لیے میں ہر صبح و شام تم پر آیت الکرسی،  سورئہ الفلق،  الناس اور  اخلاص پڑھ کر دم کرتی ہوں۔ میں اللہ سے کہتی ہوں کہ یا اللہ تو ہی بہترین محافظ ہے، تو میری بیٹی کو اپنے حفظ و امان میں رکھ۔ اسے ہر بری آنکھ، ہر برے جادو، ہر حسد سے بچا کر رکھ۔

دوسری دعا جو میں تمہارے لیے کرتی ہوں وہ صحت والی زندگی کی ہے۔ میری جان، دنیا کی ساری دولت، سارا پیسہ ایک طرف اور صحت ایک طرف۔ اگر صحت نہیں تو کچھ بھی نہیں۔ میں اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ وہ تمہیں کبھی کسی بیماری میں مبتلا نہ کرے۔ تمہیں کبھی کسی کا محتاج نہ بنائے۔ تمہاری زندگی میں کبھی کوئی دکھ نہ آئے۔ تمہاری ساری پریشانیاں، سارے دکھ اللہ مجھے دے دے اور تمہیں ہمیشہ خوش اور آباد رکھے۔

تیسری اور سب سے اہم دعا تمہارے نصیب کی ہے۔

اچھے نصیب کا مطلب کیا ہے؟


اچھے نصیب کا مطلب صرف بڑا گھر یا زیادہ پیسہ نہیں ہوتا۔ اچھے نصیب کا مطلب ہوتا ہے ایک نیک دل انسان، ایک عزت کرنے والا ہمسفر، ایک محبت کرنے والا خاندان، نیک اور صالح اولاد، اور دنیا و آخرت میں عزت۔ ہر ماں باپ اپنی بیٹی کے لیے یہی دعا کرتا ہے۔

میں بھی اللہ سے ہر وقت یہی مانگتی ہوں۔ اللہ پاک ہر ماں کی بیٹی کے نصیب اچھے کرے۔ میں کہتی ہوں یا اللہ جتنی بھی بیٹیاں ہیں، سب کے نصیب اچھے کر دے، اور اسی دعا کے صدقے میں میری بیٹی انابیہ کے بھی نصیب اچھے کر دے۔ اسے ایسا نصیب دے کہ زمانہ اس پر رشک کرے۔ اسے وہ عزت ملے جس کی وہ حقدار ہے۔ اسے کبھی کسی کے سامنے جھکنانا پڑے۔

میرا وعدہ تم سے


میری پیاری انابیہ، میں تم سے ایک وعدہ کرتی ہوں۔ میں تمہاری صرف ماں نہیں، تمہاری بہترین دوست بھی بنوں گی۔ تم جب چھوٹی ہو تو میں تمہاری استاد بنوں گی، تمہیں اچھی باتیں سکھاؤں گی۔ جب تم بڑی ہو جاؤ گی تو تم اپنی ہر بات، اپنا ہر راز مجھ سے کہہ سکو گی۔ میں کبھی تمہیں ڈانٹوں گی بھی تو صرف تمہاری بھلائی کے لیے۔

یہ ویب سائٹ میری طرف سے تمہارے لیے ایک تحفہ ہے۔ یہ میری محبت کی ایک چھوٹی سی نشانی ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ جب تم بڑی ہو کر یہ تحریریں پڑھو تو تمہیں احساس ہو کہ تمہاری ماں تم سے کتنی محبت کرتی تھی اور کرتی ہے۔

آخر میں


میری جان، تم میری زندگی کا سب سے خوبصورت حصہ ہو۔ اللہ تمہیں ہمیشہ خوش رکھے، آباد رکھے، سلامت رکھے۔ اللہ تمہیں دین اور دنیا دونوں میں کامیاب کرے۔ تمہیں نیک اور پرہیزگار بنائے اور تمہیں اپنے والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے۔ امین ثم امین

تمہاری پیاری امی
امبرظفر 

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

بابا کا خالی کمرہ،، ایک بیٹی کی سچی اور دل کو چھو لینے والی کہانی

اپنوں نے لوٹ لیا ایک سادہ بہن کی سچی کہانی

بچی جو چاند کا انتظار کرتی تھی